جرائم و حادثات

تلنگانہ کے منچریال میں خوفناک سڑک حادثہ، لاری کی ٹکر سے بولیرو گاڑی میں سوار 3 افراد ہلاک، 11 زخمی

تلنگانہ کے منچریال ضلع میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جس نے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ جے پور منڈل کے اندارم ایکس روڈ کے قریب علی الصبح اس وقت حادثہ پیش آیا جب سڑک کے کنارے کھڑی ایک بولیرو گاڑی کو پیچھے سے ایک تیز رفتار لاری نے زور دار ٹکر مار دی۔

 

اس خوفناک حادثے میں موقع پر ہی تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 11 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وہاں جمع ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کاموں کا آغاز کیا۔

 

پولیس کے مطابق بولیرو گاڑی مہاراشٹر سے 23 مزدوروں کو لے کر کریم نگر جا رہی تھی۔ ابتدائی جانچ میں بتایا جا رہا ہے کہ بولیرو سڑک کنارے کھڑی تھی، اسی دوران تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث لاری ڈرائیور نے پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

 

تمام زخمیوں کو فوری طور پر منچریال کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے لاری ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button