حیدرآباد میں میڈیکل کی طالبہ سڑک حادثہ میں ہلاک – باپ زخمی

حیدرآباد: حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ حیات نگر میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں میڈیکل کی طالبہ ہلاک ہو گئی، جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہو گئے۔ متوفیہ کی شناخت یم سانی ایشوریہ کے طور پر ہوئی ہے، جو محبوب نگر کے سرکاری میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے آخری سال کی طالبہ تھیں۔
پولیس کے مطابق پیر کی صبح ایشوریہ اپنے والد پانڈو کے ساتھ حیات نگر آر ٹی سی کالونی کے قریب سڑک عبور کر رہی تھیں کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ایشوریہ کو مردہ قرار دے دیا۔ بہتر علاج کے لئے ان کے والد کو ایک دوسرے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے متوفیہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ دواخانہ منتقل کر دیا ہے اور اس واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔



