جرائم و حادثات

کتوں نے رات کی تاریکی میں سڑک پر جانے والی تین بچوں کی ماں کو نوچ ڈالا — 50 سے زائد زخم، ایک ہاتھ بدن سے الگ

کرناٹک کے ایک گاؤں کی سڑک پر چھوڑ دینے والے دو جرمن نسل کے بڑے کتوں ( روٹویلر)  نے تین بچوں کی بیوہ ماں کو بری طرح حملہ کرتے ہوئے ہلاک کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق 38 سالہ انیتا ہلیش جمعرات کی رات 11 بجے اپنے گھر سے والدین کے گھر ہنور گولاراہٹی گاؤں ضلع داونگیرے، نیشنل ہائی وے 48 کے قریب۔جا رہی تھیں جب دونوں کتوں نے حملہ کر دیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انیتا کے جسم پر گلے، رانوں اور دیگر حصوں سمیت تقریباً 50 جگہ کتے کے کاٹنے کے نشانات تھے اور ایک ہاتھ جسم سے الگ ہو گیا تھا۔

 

یہ سانحہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب سپریم کورٹ نے ملک کی سڑکوں اور شاہراہوں سے آوارہ کتوں کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ روٹ ویلر نسل کے کتے جسمانی طور پر طاقتور اور سخت کاٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر درست تربیت نہ ہو تو اجنبیوں کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

 

CCTV فوٹیج میں دیکھا گیا کہ حملے سے ایک گھنٹہ قبل، رات تقریباً 10 بجے، دو افراد ایک آٹو رکشہ میں آ کر ان دو روٹ ویلر کتوں کو سڑک پر چھوڑ کر چلے گئے۔ داونگیرے رورل پولیس کے انسپکٹر کے ٹی انیّیا کے مطابق ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور تفتیش جاری ہے۔

 

پولیس نے اس معاملہ میں تعزیرات کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے، جن میں 291 (جانور کے معاملے میں غفلت جس سے انسانوں کو خطرہ ہو)، 105 (غیر ارادی قتل) اور 106 (غفلت سے موت کا سبب بننا) شامل ہیں۔

 

ہنگامہ سن کر باہر آئے مقامی افراد کے مطابق انیتا سخت زخمی حالت میں ملی اور کتوں کو بھگانے میں بڑی مشکل پیش آئی کیونکہ وہ لوگوں پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جب تک ایمبولینس کے ذریعے انیتا کو ہاسپٹل پہنچایا گیا، وہ دم توڑ چکی تھیں۔

 

سوشل میڈیا پر ایسے افراد کی تصاویر گردش کر رہی ہیں جو لمبے ڈنڈے تھامے ہوئے ہیں اور ایک روٹ ویلر اُن سے جکڑا ہوا نظر آرہا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ تصاویر کہاں اور کس نے لی ہیں۔

 

گاؤں والوں نے روٹ ویلر کتوں کو چھوڑنے والوں کے خلاف قتل کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگ جو زیادہ تر کھیتی باڑی اور مویشی پالنے سے وابستہ ہیں، کافی عرصے سے آوارہ کتوں کے مسئلے کی شکایت کرتے آ رہے تھے۔

 

انیتا، جو ایک گھریلو خاتون تھیں، اپنے تین بچوں کو چھوڑ گئیں۔ اُن کے شوہر کا انتقال پانچ سال قبل ہو چکا تھا۔ ان کے گھر والوں نے پولیس سے انیتا کی موت میں کسی بھی سازش یا دشمنی کے امکان کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی ایس بسوراج کے مطابق روٹ ویلرز کو سڑک پر چھوڑنے میں ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ مشتعل مقامی افراد نے دونوں روٹ ویلر کتوں کو مار ڈالا۔

 

ڈی ایس پی کے مطابق انیتا کا پوسٹ مارٹم بنگلورو میں مکمل ہو گیا ہے اور لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ روٹ ویلر کتوں کا پوسٹ مارٹم بھی کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button