خوفناک سڑک حادثہ میں 15 دن کے دلہا دلہن ہلاک
کرناٹک میں نیشنل ہائی وے 48 پر ایک دلخراش سڑک حادثے میں نو بیاہتا جوڑے کی موت ہوگئی۔ حادثہ ہویری ضلع کے شیگاؤں تعلقہ کے کدہلی گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں کار ایک کھڑی لاری سے ٹکرا گئی۔
مہلوکین کی شناخت 34 سالہ کارتک ہوگار اور 30 سالہ ایشوریہ ہوگار، ساکنان شیگاؤں کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کی شادی صرف 15 دن قبل ہوئی تھی اور وہ مندر کے درشن کے سفر پر تھے۔ ذرائع کے مطابق جوڑا ضلع گڈاگ ضلع کے نوالگند میں واقع کامنا مندر میں درشن کے بعد واپس لوٹ رہا تھا کہ نیرالگی کراس کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے بعد فائر بریگیڈ اور مقامی افراد نے شدید طور پر تباہ شدہ کار سے نعشوں کو نکالا۔ اس حادثے میں ملیکارجن اور ونائک زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے شیگاؤں تعلقہ اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ تداس پولیس اسٹیشن نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ یشودھا وانتگوڑی کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے کار نے پیچھے سے لاری کو ٹکر ماری۔
14 فروری کو شادی کے بعد یہ جوڑا مندروں کے درشن کے سفر پر نکلا تھا، تاہم یہ خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ اس سانحہ سے مقامی علاقے میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔




