تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع میں خوفناک سڑک حادثہ، چار طلبہ ہلاک، ایک طالبہ شدید زخمی

حیدرآباد _ تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک کار درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں چار طلبہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک طالبہ شدید زخمی ہو گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ موکیل پولیس اسٹیشن کی حدود میں مرزاگوڑہ گیٹ کے قریب پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ICFAI Business School (آئی بی ایس) سے تعلق رکھنے والے 5 طلبہ ایک ہی کار میں سفر کر رہے تھے کہ تیز رفتاری کے دوران گاڑی بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثہ میں سوریا تیج، سمت، سری نکھل اور روہت نامی طلبہ ہلاک ہو گئے، جبکہ نکشترہ نامی طالبہ کو شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
تمام مہلوکین اور زخمی طالبہ آئی بی ایس کالج کے بی بی اے کے طلبہ بتائے جا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے چیوڑلہ کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے، جبکہ واقعہ کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



