شرابی ڈرائیور نے 5 کیلو میٹر تک کئی گاڑیوں کو ٹکر دے کر دہشت مچادی 19 ہلاک 50 زخمی

نئی دہلی: راجستھان کے جے پور میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ شراب کے نشے میں دھت ایک ٹپر ٹرک ڈرائیور نے جے پور کے لوہا منڈی روڈ پر تقریباً پانچ کلومیٹر تک تباہی مچائی۔ نشے کی حالت میں اس نے سڑک پر کئی گاڑیوں کو ٹکر دے دی
جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ شراب کے نشے میں قابو کھو بیٹھا ڈرائیور تقریباً پانچ کلومیٹر تک کئی گاڑیوں کو ٹکر دیتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی اور پولیس فورس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کئی لوگ گاڑیوں کے ملبے تلے دب گئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اس سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں 19 افراد کی موت ہوئی۔ انہوں نے ہلاک ہونے افراد کے
لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری اور مؤثر علاج فراہم کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کو حکم دیا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



