حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں آر ٹی سی بس کا ایک اور حادثہ

پٹن چیرو میں خوفناک بس حادثہ، بڑا سانحہ ٹل گیا — تمام مسافر محفوظ
حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں ایک بڑا سڑک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب چہارشنبہ کی صبح پٹن چیرو کے موتھنگی گاؤں کے قریب ایک آر ٹی سی بس بے قابو ہو کر ڈوائیڈر اور برقی کھمبے سے ٹکرا گئی۔ حادثہ قومی شاہراہ نمبر 65 پر اُس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور نے سامنے کھڑی کار کو بچانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق بس میڑچل سے اسناپور کی طرف جا رہی تھی۔ راستے میں ایک ہوٹل کے سامنے کاروں کی قطار دیکھ کر ڈرائیور نے اچانک رخ موڑا، لیکن تیز رفتار کے باعث بس ڈوائیڈر پر چڑھ گئی اور بیچ میں لگے کرنٹ پول سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی زور دار تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا۔
تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر معمولی جھٹکوں کے ساتھ محفوظ رہے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ برقی کی سپلائی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی تاکہ کوئی ثانوی حادثہ پیش نہ آئے۔
حادثے کے بعد ٹریفک میں کچھ دیر کے لیے رکاوٹ پیدا ہوئی، جسے پولیس نے کنٹرول کر لیا۔ کرین کی مدد سے بس کو سڑک کے کنارے ہٹایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ بس ڈرائیور کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ موتھنگی گاؤں کے قریب شاہراہ پر ٹریفک کنٹرول کے بہتر انتظامات کیے جائیں تاکہ اس طرح کے حادثات دوبارہ نہ ہوں۔



