جگتیال ضلع میں اسکول آٹو الٹ گیا، 15 طلبہ سوار، کئی زخمی
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں خانگی اسکول کے طلبہ کو لے جا رہے ٹاٹا میجک آٹو ملاپور کے ماڈل اسکول کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے کے وقت گاڑی میں تقریباً 15 طلبہ سوار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق آٹو اچانک توازن کھو بیٹھا جس کے بعد سڑک کنارے پلٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کئی طلبہ کو چوٹیں آئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی بچوں کو آٹو سے باہر نکالا اور انہیں ملاپور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور کی لاپرواہی یا تیز رفتاری حادثے کی وجہ ہو سکتی ہے، تاہم اصل سبب کا تعین تفتیش کے بعد ہی ہو سکے گا۔ واقعے کے بعد والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسکول گاڑیوں کی سلامتی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



