تیز رفتار کار نے سڑک پر چلنے والے 6 افراد کو روند ڈالا
بہار کے پٹنہ، داناپور میں ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے پہلے ایک کتے کو روند ڈالا اور پھر بے قابو ہو کر سڑک پر چل رہے 6راہگیروں پر چڑھ دوڑی۔
حادثے میں 60 سالہ معمر شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔ واردات کے فوراً بعد کار ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے فرار ہوگیا۔خوفناک واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا۔ پولیس مفرور ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کی ٹکر سے راہگیروں میں بھگدڑ مچ گئی اور کئی لوگ سڑک پر گر پڑے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو کی حالت تشویش ناک ہے، جنہیں خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے لاپرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات پیش نہ آئیں۔ پولیس نے فرار ملزم کے موبائل لوکیشن، گاڑی کے رجسٹریشن نمبر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی پر کچھ سیاسی اسٹیکرز بھی لگے ہوئے تھے، تاہم پولیس نے اس بارے میں تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔ حادثے کے بعد علاقے میں ٹریفک نظام عارضی طور پر متاثر رہا، جسے بعد میں بحال کیا گیا۔



