"پشپا 2” کے پریمیئر شو میں بھگدڑ، ایک خاتون ہلاک، بیٹا زخمی۔حیدرآباد میں واقعہ

"پشپا 2” کے پریمیئر شو میں بھگدڑ، ایک خاتون ہلاک، بیٹا زخمی
حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد کے آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیہ تھیٹر میں فلم پشپا 2 دی رول کے پریمیئر شو کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں بھگدڑ کی وجہ سے ایک خاتون ہلاک اور اس کا 9 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آج رات فلم کے ہیرو الو ارجن کی تھیٹر آمد پر مداحوں کا ہجوم بے قابو ہوگیا۔ جیسے ہی وہ فلم دیکھنے کے لیے پہنچے ان کے پرستار بڑی تعداد میں جمع ہوگئے جس سے حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو فوری طور پر مداخلت کرنی پڑی اور مداحوں کو منتشر کیا گیا
تاہم بھگدڑ کے دوران 39 سالہ ریوتی اور اس کا بیٹا سری تیج شدید زخمی ہوگئے۔ ریوتی کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ اس کے بیٹے کو پولیس نے سی پی آر کے ذریعہ ابتدائی طبی امداد پہنچا کر اسے بچایا اور بعد میں اسے بہتر علاج کے لیے بیگم پیٹ کمس ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔
تھیٹر میں تقریباً 200 پولیس اہلکار تعینات تھے لیکن ہجوم کے باعث صورتحال پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔ ریوتی اپنے خاندان کے ساتھ دلسکھ نگر سے فلم کا پریمیئر دیکھنے آئی تھی لیکن یہ خوشی کا لمحہ اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔