جرائم و حادثات
رائے چوٹی میں آوارہ کتوں کے تعاقب سے موٹر سائیکل حادثہ — 25 سالہ نوجوان فضل موقع پر جاں بحق
آندھراپردیش کے انامیاضلع کے رائے چوٹی میں پیر کی علی الصبح ایک افسوسناک حادثے میں نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق لکشمی پورہ سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ فضل اپنی موٹر سائیکل پر گالی ویڈو روڈ سے گزر رہا تھا کہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے قریب سڑک پر موجود آوارہ کتوں نے اس کا پیچھا شروع کر دیا۔
کتوں سے بچنے کی کوشش میں فضل نے موٹر سائیکل کی رفتار تیز کی جس کے باعث وہ قابو کھو بیٹھا اور کے۔راماپورم روڈ پر واقع ایک مندر کی دیوار سے زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ فضل نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق متوفی ٹرنک روڈ پر فرنیچر کی دکان چلاتا تھا اور والدین کے ساتھ رہتا تھا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ دکان کا سامان دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے بعد گھر واپس لوٹ رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔



