جرائم و حادثات
مہاراشٹر میں پل سے کار گرنے پر ایک ہی خاندان کی چار خواتین جاں بحق – مہلوکین کا تلنگانہ کے کاغذ نگر سے تعلق
عادل آباد _ مہاراشٹر میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں کُمُرم بھیم آصف آباد ضلع سے تعلق رکھنے والی 4 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ یہ افسوسناک واقعہ دیواڈا–سونڈو کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق، کاغذ نگر ٹاؤن کے نظام الدین کالونی سے تعلق رکھنے والے ذاکر اپنے گھر والوں کے ساتھ علاج کی غرض سے ناگپور کے ایک ہاسپٹل گئے تھے۔
واپسی کے دوران چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب ان کی کار بے قابو ہوکر ایک پل سے نیچے جاگری، جس کے نتیجہ میں ذاکر کی اہلیہ سلمیٰ بیگم، بیٹی شبری کے علاوہ رشتہ دار خواتین افشاں بیگم اور سہارا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
حادثے میں مزید دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر چندراپور کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



