تلنگانہ کے میدک ضلع میں گیس سلنڈر دھماکہ، مکان مکمل منہدم

تلنگانہ کے میدک ضلع میں بھیانک گیس سلنڈر دھماکہ پیش آیا ۔میدک ضلع کے کوڈپلی منڈل کے مُترّاج پلی گاؤں میں پیر کی دوپہر گیس لیک ہونے کے بعد زبردست دھماکہ ہوا جس سے ایک مکان کا سلَیَب اور دیواریں زمین بوس ہوگئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا تاہم گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور بھاری مالی نقصان ہوا۔
مقامی لوگوں کے مطابق آکولہ سرینواس کی والدہ کی وفات کو سات ماہ مکمل ہونے پر گھر میں برسی کی رسم جاری تھی اور اس موقع پر 20 سے 30 رشتہ دار جمع تھے۔ اچانک سلینڈر سے گیس لیک ہونے پر سرینواس نے فوری طور پر تمام افراد کو گھر سے باہر نکال دیا۔
محض چند منٹ بعد ہی زوردار دھماکہ ہوا جس سے مکان کی چھت فضا میں اچھل گئی، دیواریں منہدم ہوگئیں اور برقی پرزے، برتن، چاول کے بوجھ سمیت دیگر سامان چاروں طرف بکھر گیا۔
دھماکے کی آواز آدھا کلو میٹر دور تک سنی گئی جس سے اطراف کے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ واقعہ کے بعد نرساپور سے فائر انجن اور کوڈپلی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔