جرائم و حادثات
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں ٹریکٹر الٹ گئی – 4 افراد ہلاک ؛ متعدد زخمی

تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں منگل کی رات ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں ٹریکٹر بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں چار زرعی مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زرعی مزدور ہلدی کی کٹائی کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ ملالاپور منڈل کے موگیلی پیٹ کے قریب پہنچتے ہی ٹریکٹر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر پانی سے بھرے گڑھے میں جا گرا۔ حادثے میں چار مزدوروں کی موت واقع ہوئی جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر جگتیال ہاسپٹل منتقل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔



