ووٹ ڈالنے جاتے ہوئے خوفناک حادثہ ، میدک اور ہنمکنڈہ میں ایک ہی خاندان سمیت 6 افراد ہلاک
ریاست میں دوسرے مرحلہ کے گرام پنچایت انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے جاتے ہوئے میدک اور ہنمکنڈہ اضلاع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک ہی خاندان کے چار افراد اور دو نوجوان دوستوں سمیت مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
پہلا حادثہ میدک ضلع کے پدا شنکرام پیٹ منڈل میں کنگس 9 دھابہ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کاماریڈی ضلع کے نظام ساگر منڈل کے ماگی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ لنگمیا ، ان کی اہلیہ 40 سالہ سائی اوا ، بیٹا 18 سالہ سائیلو اور بیٹی 8 سالہ مانسا موقع پر ہی فوت ہوگئے۔ یہ خاندان حیدرآباد سے اپنے آبائی گاؤں ووٹ ڈالنے جا رہا تھا۔
دوسرا حادثہ ہنمکنڈہ ضلع میں اسٹیشن گھنبور کے قریب راگھوپور قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں حیدرآباد میں مقیم دوست کلیان اور نوین موٹر سائیکل پر پنچایت انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے اپنے آبائی گاؤں نندنم جا رہے تھے کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔



