جرائم و حادثات

تلنگانہ کے پرگی آر ٹی سی ڈپو میں افسوسناک حادثہ — بس کی ٹکر سے مکینک قدوس جاں بحق

تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے پرگی آر ٹی سی بس ڈپو میں پیش آئے افسوسناک حادثے میں ایک مکینک کی موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق تانڈور سے تعلق رکھنے والے 59 سالہ محمد قدوس  گزشتہ تین برسوں سے پرگی آر ٹی سی ڈپو میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف مکینک کے عہدے پر فائز تھے

 

۔ پیر کی صبح ایک بس ڈپو سے بس اسٹینڈ کی طرف  جارہی تھی۔ ڈرائیور ایم وینکٹیا بس کو گیٹ سے باہر نکال کر ہائی وے پر لے گیا، تاہم اچانک بریک فیل ہوجانے کے باعث بس پیچھے کی سمت میں ڈپو کے اندر داخل ہوگئی اور پیچھے کھڑے محمد قدوس کو ٹکر ماردی۔

 

حادثہ میں قدوس شدید زخمی ہوگئے اور بے ہوش ہوکر گرپڑے۔ ساتھی ملازمین نے فوری طور پر انہیں پرگی کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ قدوس ایک سینئر ملازم تھے اور محض ایک سال بعد ریٹائرمنٹ کے قریب تھے۔ ان کی اچانک موت سے ساتھی ملازمین اور گھر والوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔

 

ساتھی ملازمین نے بتایا کہ ڈپو میں کئی پرانی اور خستہ حال بسیں اب بھی چلائی جارہی ہیں جن کی مکینیکل خرابیوں کی وجہ سے عملہ مسلسل خطرے میں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قدوس کے گھر والوں کو معاوضہ اور مالی امداد فراہم کی جائے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button