حیدرآباد کے قریب خوفناک سڑک حادثہ – آندھراپردیش کے دو ڈی ایس پی ہلاک

تلنگانہ کے یادادری ضلع کے چوٹ اپل منڈل میں واقع کھیتا پور کے قریب ایک ہولناک سڑک حادثہ میں دو ڈی ایس پیز ہلاک ہو گئے ۔
ایک اسکارپیو کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جب کہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے دو ڈی ایس پیز، چکرادھر راؤ اور شانتا راؤ کے طور پر کی گئی
ہے۔یہ کار وجئے واڑہ سے حیدرآباد آ رہی تھی کہ اچانک ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر سڑک کی دوسری طرف جا گری۔ اسی دوران ایک آنے والی لاری نے اسکارپیو کو ٹکر مار دی، جس سے گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کار میں پھنسے ہوئے نعشوں کو باہر نکالا۔حادثے میں اے ایس پی پرساد اور ڈرائیور نرسمہا راؤ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ نرسمہا راؤ کو فوری طور پر ایل بی نگر کے کامنی ہاسپٹل منتقل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے
۔ مرنے والے دونوں افسران انٹیلیجنس اینڈ سیکیورٹی وِنگ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ بتایا گیا کہ وہ ایک کیس کے سلسلے میں وجئے واڑہ سے حیدرآباد آ رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ انیتا نے اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔