جرائم و حادثات
اوور ٹیک کرنے کے دوران آٹو بس سے ٹکرا گیا – دو نوجوان ہلاک ؛ تلنگانہ کے میدک ضلع میں خوفناک حادثہ

تلنگانہ کے میدک ضلع کے مَمبوجی پلی کے قریب ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں دو نوجوان ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق، کولچارم منڈل کے پوتم شیٹی پلی کے رہنے والے سری کانت (25) اور کوڈی پلی کے وڈّے نریش (24) آٹو میں میدک کی طرف جا رہے تھے۔
راستے میں انہوں نے ایک موٹر سائیکل کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی، اسی دوران سامنے سے آنے والی آر ٹی سی بس سے آٹو ٹکرا گئی۔ یہ حادثہ نرساپور-میدک قومی شاہراہ پر نظام شوگر فیکٹری کے قریب پیش آیا۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ آٹو میں سوار دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر میدک رورل سی آئی راج شیکھر ریڈی اور ایس آئی مرلی موقع پر پہنچے اور نعشوں کو میدک مردہ خانہ منتقل کر دیا۔ پولیس نے متوفیوں کے افراد خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔