حیدرآباد میں گنیش مورتی کو لے جانے کے دوران برقی شاک لگنے سے دو نوجوان ہلاک

حیدرآباد کے رامنتاپور میں سری کرشن جنم اشٹمی جلوس کے دوران پیش آئے حادثے کے صدمے سے لوگ ابھی سنبھلے بھی نہ تھے کہ بنڈلہ گوڑہ میں ایک اور سانحہ پیش آگیا۔ وِنائک اُتسو کے موقع پر مورتی لے جاتے وقت ہائی ٹینشن تار چھوجانے سے دو نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک اور نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق کچھ نوجوان ایک بڑے وِنائک وِگرہہ (بت) کو ٹریکٹر پر لے جارہے تھے۔ بینڈلہ گوڑہ کے قریب مورتی کا حصہ اوپر سے گزرتے ہائی ٹینشن تار سے ٹکرا گیا جس سے ٹریکٹر میں برقی کرنٹ دوڑ گیا۔ نتیجتاً 21 سالہ ٹونی اور 20 سالہ وکاس موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور نوجوان، جس کی شناخت اَکھل کے طور پر کی گئی ہے، شدید زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد ٹریکٹر کے ٹائروں میں آگ بھڑک اٹھی۔ بعد میں کرین کی مدد سے وگرہہ کو وہاں سے منتقل کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں اور معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔