جرائم و حادثات

حیدرآباد کی مصروف ترین سڑک پر واٹر ٹینکر دھنس گیا

حیدرآباد کے  علاقہ بنجارہ ہلز میں ایک بڑی سڑک دھنسنے کا واقعہ پیش آیا،یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک 10 ہزار لیٹر پانی کا ٹینکر وہاں سے گزر رہا تھا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق، بھاری گاڑی کے وزن سے سڑک اچانک بیٹھ گئی، جس کے نتیجہ میں نیچے موجود ڈرین لائن کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔ ٹینکر کا اگلا حصہ دھنسے ہوئے حصے میں پھنس گیا جس سے آس پاس رہنے والوں اور راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

 

مقامی انتظامیہ اور بلدی حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے اور متاثرہ علاقہ کو مزید حادثات سے بچانے کے لیے محاصرہ کرتے ہویے رکاوٹیں لگادی۔ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مرمت کا کام فوراً شروع کردیا۔

 

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ سڑک کے نیچے موجود ڈرین لائن وقت کے ساتھ کمزور ہوچکی تھی جس کی بڑی وجہ ناقص دیکھ بھال اور بھاری گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت تھی جو اچانک دھنسنے کا سبب بنی۔ جی ایچ ایم سی حکام نے تفصیلی معائنہ کرنے اور متاثرہ حصہ کی فوری بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

مقامی افراد نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنجارہ ہلز میں سڑکوں اور ڈرینج سسٹم کی خستہ حالت کے بارے میں بارہا شکایات درج کرائی گئی ہیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button