منجیرا ندی میں شہباز نامی نوجوان ڈوب کر لاپتہ – تلنگانہ کے میدک ضلع میں افسوسناک واقعہ

منجیرا ندی میں شہباز نامی نوجوان ڈوب کر لاپتہ – تلنگانہ کے میدک ضلع میں افسوناک واقعہ
تلنگانہ کے ضلع میدک میں اتوار کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ نوجوان ایم ڈی شہباز منجیرا ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا۔ متوفی کا تعلق پاپنہ پیٹ منڈل کے باچارم گاؤں سے تھا اور وہ ایک میدک آر ٹی او آفس میں ایجنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔
شہباز اتوار کی دوپہر اپنے دوستوں کے ساتھ مچھلیاں پکڑنے کی غرض سے رام تیرتھم علاقے میں واقع منجیرا ندی کے کنارے گیا تھا۔ نہاتے وقت اچانک پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آکر وہ ندی میں بہہ گیا۔ مقامی افراد اور پولیس کے مطابق حالیہ بارشوں کے سبب منجیرا ندی میں پانی کا بہاؤ کافی تیز ہے، جو اس حادثے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔
واقعہ کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچی اور غوطہ خوروں کی مدد سے تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا۔ آخری اطلاعات تک نوجوان کا سراغ نہیں لگ سکا تھا۔ واقعہ سے مقامی عوام میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔