امرتسر۔ ایک شخص کے ہاتھ میں بم پھٹ پڑا

نئی دہلی: پنجاب کے امرتسر شہر میں واقع مجیٹھا روڈ بائی پاس پر آج زوردار دھماکہ سے سنسنی پھیل گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری مقام واقعہ پر پہنچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک شخص بم سے چھیڑ چھاڑ کر رہا تھا جو اچانک اس کے ہاتھ میں پھٹ گیا۔ شدید زخمی حالت میں اسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ زخمی شخص قریبی گڑھے میں پڑا چیخ رہا تھا اور اس کے ہاتھ بری طرح متاثر ہو چکے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور اب تک اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ کسی گینگ یا دہشت گردانہ سرگرمی سے متعلق نظر نہیں آتا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زخمی شخص کباڑ ی کا کام کرتا تھا اور ممکنہ طور پر اسے کہیں سے کوئی پرانا بم ملا جسے وہ کھولنے کی کوشش کر رہا تھا۔
دھماکہ جس مقام پر ہوا وہ نسبتاً سنسان علاقہ تھا جس کے باعث کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کی حساسیت کے پیش نظر پورے بائی پاس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارینسک ٹیم کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔
پولیس افسران نے بتایا ہے کہ معاملے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور جلد ہی میڈیا کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ اس دوران پنجاب میں پہلے سے ہی سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔