انٹر نیشنل

سعودی عرب ۔ سوڈان سے انخلا کا آپریشن مکمل، 8 ہزار سے زائد افراد کوجدہ لایا گیا

حیدرآباد ۔ کے این واصف

 سعودی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوڈان سے سعودیوں اوردوست وبرادر ممالک کے شہریوں کے انخلا کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔عاجل نیوز نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے سوڈان میں عسکری تصادم شروع ہوتے ہی وہاں موجود سعودی شہریوں اوربرادر و دوست ممالک کے شہریوں کو نکالنے کا آپریشن انسانی ہمدردی کی بنیاد پرشروع کیا تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے سوڈان سے لوگوں کے انخلا کا عمل مرحلہ وار جاری رہا۔ وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انخلا کے آپریشن میں اب تک 8 ہزار 455 افراد کو سوڈان سے مملکت لایا گیا ۔سوڈان سے لائے جانے والوں میں 404 سعودی شہری جبکہ ہندوستان سمیت 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے 8 ہزار 51 افراد شامل تھے جن میں معمرافراد ، خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔سعودی عرب کی جانب سے انخلا کے آپریشن میں سعودی شاہی بحریہ اورفضائیہ نے خصوصی حصہ لیا۔ سوڈان سے آنے والوں کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جس کے تحت آنے والے متاثرین کے قیام وطعام کا انتظامات بھی شامل تھے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے ایسے غیرملکی جن کے پاس اپنے ممالک کے پاسپورٹ اور سعودی عرب کا ویزہ نہیں تھا ان کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ۔ایسے افراد جن کے پاس پاسپورٹ نہیں تھے انکے ملک کے سفارتخانوں سے رابطہ کیا گیا تاکہ وہ اپنے ملک کے شہریوں کےلیے عارضی سفری دستاویزات فراہم کریں جس پرانہیں انکے ملک روانہ کیاجاتا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button