نیشنل

ممبئی ٹرین دھماکے کے الزام میں 18 سال سے جیل میں قید 12 مسلم نوجوان بے قصور ثابت – ہائی کورٹ نے تمام کو بری کردیا

7/11 ممبئی ٹرین دھماکے: تمام 12 ملزمان بری، بمبئی ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ

 

بمبئی ہائی کورٹ نے 2006 کے ممبئی لوکل ٹرین دھماکوں کے معاملے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے دہشت گردی کے الزام میں قید تمام 12 مسلم ملزمین کو بری کر دیا۔ ان میں 5 افراد کو سزائے موت سنائی گئی تھی، جبکہ 7 کو عمر قید کی سزا ملی تھی۔

 

خصوصی بینچ کے جج جسٹس انیل کیلور اور جسٹس شیام چندک نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’’استغاثہ الزام ثابت کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے، شک سے بالاتر ثبوت پیش نہیں کیے گئے‘‘۔

 

یہ فیصلہ 18 سال بعد سامنے آیا، جب کہ ملزمین نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ جیل میں گزار دیا۔ ان افراد میں محمد ماجد بھی شامل تھے، جن کی اہلیہ دوران قید انتقال کر گئیں، اور وہ آخری بار اپنے شوہر سے بات بھی نہ کر سکیں۔

 

فیصل اور مزمل نامی بھائیوں کو بھی بری کر دیا گیا، جن کے والد کو جب ان کے بیٹوں کو سنائی گئی سزاؤں کی خبر ملی تو وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، جبکہ ان کی والدہ کا بھی 2023 میں انتقال ہو گیا۔

 

یاد رہے کہ 11 جولائی 2006 کو ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں بم دھماکوں میں 189 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ان نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button