حیدرآباد میں مٹھائی کے ڈبوں میں چھپا کر اسمگلنگ کی جانے والی 7 کروڑ روپے کی ہیروئن ضبط

حیدرآباد _ 21 جولائی ( اردولیکس) حیدرآباد کی سائبر آباد پولیس نے مٹھائی کے ڈبوں میں چھپا کر اسمگلنگ کی جانے والی تقریباً 7 کروڑ روپے کی ہیروئن ضبط کر لی ہے۔
کمشنر پولیس سائبر آباد اویناش موہانتی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے نارکوٹکس بیورو کی مدد سے یہ آپریشن انجام دیا اور شلپا رامم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کے قبضہ سے ایک کیلو ہیروئن ضبط کر لی گئی جس کی عالمی مارکٹ میں قیمت تقریباً 7 کروڑ روپئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 250 گرام کے ہر ایک مٹھائی کے ڈبے میں یہ ہیروئن چھپا کر رکھی گئی تھی جسے 4 ملزمین اسمگل کر رہے تھے
جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اویناش موبنتی نے بتایا کہ حیدر آباد میں زیادہ قیمت پر ہیروئن فروخت کرنے کے لئے اسے ایک بس کے ذریعہ منتقل کیا جا رہا تھا جنہیں مٹھائی کے ڈبوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر پولیس نے شلپا رامم کے پاس بس رکواتے ہوئے مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی جس کے بعد یہ ہیروئن ضبط کر لی گئی ۔ یہ بس راجستھان سے حیدر آباد آرہی تھی