جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں 25 سالہ کیب ڈرائیور کا بے دردی سے قتل

چندرائن گٹہ میں 25 سالہ کیب ڈرائیور کا بے دردی سے قتل، پرانے شہر میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ، شہریوں میں خوف و ہراس

 

حیدرآباد کے پرانے شہر کے چندرائن گٹہ پولیس حدود میں ایک اور دل دہلا دینے والا قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ کیب ڈرائیور محمد عبدالعزیز کو سفاکی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ یہ واقعہ عمر خالد مسجد، مقبول نگر کے قریب سنسان علاقے میں پیش آیا، جہاں عبدالعزیز کی نعش خون میں لت پت پائی گئی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے جسم پر متعدد گہرے زخموں کے علاوہ گردن پر تیز دھار ہتھیار سے وار کے واضح نشانات پائے گئے، جو قتل کے انتہائی پرتشدد ہونے کا اشارہ دیتے ہیں۔ جائے وقوعہ سے طبی انجکشن کے کئی سرنج بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں ثبوت کے طور پر قبضے میں لے کر فارنسک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔

 

گھر والوں کا کہنا ہے کہ عبدالعزیز جمعرات کی شام اپنی بیوی سے ملاقات کے لیے گھر سے نکلا تھا، لیکن رات دیر تک واپس نہ آنے پر اہلِ خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد انہیں پولیس کے ذریعے اس کی موت کی خبر ملی، جس کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔

 

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ قتل کسی ذاتی دشمنی یا مجرمانہ سرگرمی سے جُڑا ہو سکتا ہے۔ قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مجرموں کی نشاندہی کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

چندرائن گٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ہر زاویے سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور بہت جلد اس لرزہ خیز قتل کا معمہ حل کر لیا جائے گا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button