حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3.38 کلو سونا پکڑا گیا

حیدرآباد: ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے جمعرات کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھاری مقدار میں سونا اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا ، جس کی مقدار 3.38 کلو اور مالیت تقریباً 3.36 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، ایئرپورٹ پر دو مشکوک بیگ بغیر دعویٰ کے پائے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ انہیں جان بوجھ کر چھوڑ دیا گیا تھا۔ تلاشی کے دوران ایک بیگ سے 1,261.800 گرام سونا برآمد ہوا، جس کی قیمت 1.25 کروڑ روپے ہے۔
تحقیقات کے بعد پتا چلا کہ یہ بیگ آندھرا پردیش کے ایک مسافر نے چھوڑا تھا۔ اسے 16 ستمبر کو حیدرآباد روانگی کے دوران ڈی آر آئی ٹیم نے پکڑ لیا۔ دورانِ پوچھ تاچھ اس نے کویت میں موجود اپنے ہینڈلر کی نشاندہی کی، جس کی ہدایت پر بیگ ایئرپورٹ پر چھوڑا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ ہینڈلر کڑپہ میں گرفتار کیا گیا۔
دوسرے بیگ کی جانچ پر ایک آہنی ڈبے میں چھپایا گیا سونا ملا، جس کی مالیت 2.11 کروڑ روپے بتائی گئی۔ اس معاملے میں ملوث مسافر کو بھی ضلع وائی ایس آر کڑپہ سے پکڑ لیا گیا۔
مجموعی طور پر 3,379.600 گرام سونا، جس کی مالیت 3.36 کروڑ روپے ہے، ضبط کر لیا گیا۔