سیل فون زیادہ استعمال کرنے پر باپ کی ڈانٹ سے ناراض آٹھویں جماعت کی لڑکی نے کرلی خودکشی _ حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ
حیدرآباد _ 17 ستمبر ( اردولیکس) سیل فون کے زیادہ استعمال پر باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض آٹھویں جماعت کی لڑکی نے خودکشی کرلی۔ یہ افسوسناک واقعہ حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کے کوچ بہار سے تعلق رکھنے والا سنجیب منڈل بنجارہ ہلز کے نور نگر میں الیکٹریشن کا کام کرتا ہے۔ اس کی دو بیٹیاں ہیں۔ آٹھویں جماعت میں پڑھنے والی بڑی بیٹی اشیکا منڈل (13) اسکول سے آنے کے بعد اپنا زیادہ تر وقت سیل فون پر گزارتی تھی ۔ اس کے والدین نے اس سلسلے میں کئی بار اس کی سرزنش کی۔ گزشتہ رات تقریباً 8.30 بجے سیل فون دیکھنے والی بیٹی کو باپ نے ڈانٹا۔ اس کے بعد وہ ایک کمرے میں کرکٹ دیکھنے چلا گیا.
باپ کی ڈانٹ پر اشیکا نے فوراً اپنے کمرے کا دروازہ بند کر دیا. کچھ دیر بعد ماں نے باتھ روم جانے کے لیے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن بیٹی نے دروازہ نہیں کھولا انہیں شک ہوا اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے ۔جہاں اشیکا کی نعش فیان سے لٹکی پائی گئی۔ فوری طور پر 108 کو اطلاع دی گئی اور وہاں پہنچنے والے طبی عملے نے اس کی جانچ کی اور تصدیق کی کہ اشیکا پہلے ہی مر چکی ہے۔ والد کی شکایت کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔