جائیداد کی تقسیم کے مسئلہ پر پہلی بیوی کی ہراسانی سے یوسف نامی شخص نے کی خودکشی کی کوشش – تلنگانہ کے کوداڑ ٹاؤن میں واقعہ

تلنگانہ کے کوداڑ ٹاؤن کے بھوانی نگر میں ایک شخص کی خودکشی کی کوشش کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق، بھوانی نگر کے رہائشی یوسف، جن کی دو بیویاں ہیں، نے حالیہ دنوں میں پہلی بیوی ثنا کے ساتھ جائیداد کے تنازعہ کے باعث یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
یوسف کی پہلی بیوی ثنا نے میلا چیروو اور کوداڑ ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایات درج کروائیں، جن میں یوسف پر مختلف الزامات عائد کیے گئے۔ یوسف نے واقعے سے پہلے ایک سیلفی ویڈیو جاری کی، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پہلی بیوی انھیں غیر قانونی مقدمات کے ذریعے ہراساں کر رہی ہے اور جائیداد اپنے نام منتقل کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
یوسف نے یہ بھی بتایا کہ انھوں نے جائیداد تحریری طور پر بیوی کے نام منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، لیکن ثنا مقدمات واپس لینے کو تیار نہیں تھی۔ یوسف نے الزام لگایا کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر اسے مسلسل ہراساں کر رہی تھی، دروازے کھٹکھٹاکر خوفزدہ کر رہی تھی، جس کے باعث اس نے خودکشی کی کوشش کی اور نیند کی گولیاں کھا لیں۔
اپنی ویڈیو میں یوسف نے اپنی موت کا ذمہ دار اپنی پہلی بیوی ثنا، بامردی پاشا اور مقامی پولیس کو ٹھہرایا۔ یوسف کو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی گئی