جرائم و حادثات

لو میریج میں رکاوٹ نوجوان نے لڑکی کے باپ پر فائرنگ کردی۔ حیدرآباد میں واقعہ

حیدرآباد: محبت کی شادی میں رکاوٹ ڈالنے پر ہویے جھگڑے کے دوران ایک نوجوان نے لڑکی کے باپ پر فائرنگ کر دی۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے علاقے سرور نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں آج شام پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق عنبرپیٹ کا بلبیندر سنگھ (25) سال اور سرور نگر کی وینکٹیشورا کالونی کی 23 سالہ لڑکی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔

 

جب لڑکی کے گھر والوں کو اس رشتے کا علم ہوا تو انہوں نے اس رشتے کی مخالفت کی اور حال ہی میں لڑکی کے والد نے اسے امریکہ بھیج دیا تاکہ ان دونوں کے درمیان فاصلہ پیدا کیا جاسکے۔ تاہم بلبیندر سنگھ اس فیصلے سے ناراض ہو گیا اور اتوار کے روز وہ لڑکی کے گھر پہنچ گیا۔

 

بلبیندر سنگھ نے لڑکی کے باپ رویندر آنند سے بات چیت کرنے کی کوشش کی، ان دونوں کے درمیان بحث تکرار بڑھ گئی اور جھگڑا ہوگیا ۔ جھگڑے کے دوران بلبیندر نے اپنے ساتھ لائی ہوئی ایئر گن نکالی اور غصے میں آ کر رویندر آنند پر ایک راؤنڈ فائر کر دیا، گولی اس کے آنکھ کے قریب جا لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔

 

پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر مقام واقعہ پر پہنچ گئی اور ملزم بلبیندر سنگھ کو حراست میں لے لیا۔ زخمی رویندر آنند کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button