عادل آباد جنسی زیادتی واقعہ۔ ملزم باپ بیٹا اور خاتون گرفتار

خضر احمد یافعی اور عمیم شریف کی رپورٹ
عادل آباد۔22/ عادل آباد ضلع مستقر میں نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا۔یہ افسوسناک واقعہ 18 تاریخ کو شہر کی ایک کالونی میں پیش آیا تھا جہاں ملزمین نے قریب میں رہنے والی لڑکی کے ساتھ اپنے گھر میں زیادتی کی۔
متاثرہ لڑکی کے ارکان خاندان کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا تھا اور لڑکی کو طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا۔نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ پر ضلع انچارج ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا کی قیادت میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
عادل آباد پولیس نے عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے یا عوام کو مشتعل کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور جرم میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔اس ضمن میں عادل آباد پولیس کی جانب سے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے اس کیس سے متعلق صحافیوں کو تفصیلات بتائی گئی۔
صحافتی بیان میں بتایا گیا کہ تین ملزمین انگول انیل، انگول گنگادھر، سشما کے خلاف کرائم نمبر 42/2025 کے تحت سیکشن 127(2)، 70(2)، 109(i)، 351(3) r/w 49 BNS 2023، سیکشن 5(g) r/w 6 آف پوکسو ایکٹ 2012 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش غیر جانبدارانہ طریقہ سے جاری رہے گی۔انچارج ایس پی نے مزید کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر الیکشن ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہے لہٰذا کسی کو بھی اجتماع کرنے یا جلسے منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس گشت، پیٹرولنگ، اور حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ رات ضلع انچارج ایس پی کے ساتھ عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، اسپیشل برانچ ڈی ایس پی پوتارم سرینواس اور دیگر پولیس اہلکاروں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔