عادل آباد پولیس نے شادی اور لِو اِن ریلیشن شپ کے بہانے لاکھوں روپے لوٹنے والے بین ضلعی گینگ کو بے نقاب کیا

عادل آباد۔یکم/ نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کی عادل آباد پولیس نے ایک بین ضلعی گینگ کو بے نقاب کیا جو شادی اور لِو اِن ریلیشن شپ کے بہانے عوام سے لاکھوں روپے لوٹ رہا تھا۔ گینگ کے ارکان لڑکیوں کی آواز بدل کر ویڈیو کال کے ذریعے متاثرین سے بات کرتے اور اُنہیں رشتے یا دوستی کا لالچ دے کر رقم اینٹھ لیتے تھے۔
ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے ون ٹاون پولیس اسٹیشن میں میڈیا نمائندوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مٹھمپلی منڈل ضلع سوریہ پیٹ سے تعلق رکھنے والے چند نوجوان جعلی میریج بیورو چلا رہے تھے۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ یہی گروہ آن لائن جعلی پوجا اور کالے جادو کے نام پر بھی دھوکہ دہی میں ملوث تھا۔ ویڈیو کال پر مویشیوں کی ہڈیوں اور دیگر اشیاء کے ساتھ جعلی پوجا دکھا کر مسائل کے حل کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمین نے اپنے فریب میں آکر عادل آباد کے لکشمی کانتھ سے آٹھ لاکھ روپے، میدک کے نظام پیٹ سے تعلق رکھنے والے شخص سے اڑتالیس ہزار روپے، کاماریڈی ضلع کے لنگم پیٹ کے شخص سے ایک لاکھ آٹھ ہزار روپے اور کرناٹک کے بنگلورو کے ایک شخص سے بھاری رقم وصول کی تھی۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ حاصل شدہ رقم سے ملزمین نے مہنگے آئی فون اور موٹر سائیکلیں خریدی تھیں۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت مالوتھ منجی عرف کرشن وینی، بُکیا گنیش، روپاوت شروَن کمار اور ایک نابالغ لڑکا کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام کا تعلق ضلع سوریہ پیٹ کے مٹھمپلی منڈل سے بتایا گیا۔
ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے کہا کہ گینگ کے مزید ارکان کی تلاش جاری ہے، اور تفتیش کے دوران کئی نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔
اس کارروائی میں سی آئی بی سنیل کمار، ویمن پولیس اسٹیشن انسپکٹر پریم کمار، آئی ٹی کور کے ایس آئی گوپی کرشنا، ایس آئی رمیا اور اے ایس آئی گوکل نے حصہ لیا۔



