4 سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش۔ دو ملزمین گرفتار۔ حیدرآباد کے مضافات میں شرمناک واقعہ

حیدرآباد: حیدرآباد کے مضافات میں واقع چوٹ اوپل پولیس نے جمعہ کے روز مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو ایک چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ چوٹ اوپل پولیس کے مطابق مدھیہ پردیش کے بشیوراج (47) اور دینیش (42) چوٹ اوپل منڈل کے انکی ریڈی گوڑم گاؤں کے حدود میں واقع ڈیویس انڈسٹری میں مزدور کے طور پر کام کر رہے تھے۔
دونوں لِنگوجی گوڑم گاؤں کے علاقے میں ایک کرایہ کے کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ ان کے پڑوس میں ایک میاں بیوی اپنی چار سالہ بچی کے ساتھ رہتے تھے۔جمعہ کی شام جب میاں بیوی گھریلو کاموں میں مصروف تھے اور بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی تو شیوراج اور دینیش نے بچی کو چاکلیٹ دلانے کا لالچ دے کر اپنے کمرے میں بلا لیا۔ قریب ہی رہنے والی ایک خاتون نے یہ منظر دیکھا اور فوراً بچی کے والدین کو اطلاع دی۔
والدین فوراً موقع پر پہنچ گئے اور بچی کو بروقت بچا لیا۔فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر پولیس نے دونوں ملزمین کو حراست میں لے لیا اور بچی کو طبی معائنے کے لیے حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال منتقل کر دیا۔



