ڈنڈی ڈیم میں کود کر بینک مینیجر قادر باشاہ نے کرلی خودکشی- تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں واقعہ

تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے ڈنڈی ڈیم میں ایک بینک مینیجر نے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، دیورکنڈہ کے رہائشی 48 سالہ سید قادر پاشا ڈنڈی ڈی سی سی بینک کے مینیجر تھے اور اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے تھے۔
جمعہ کی صبح وہ معمول کے مطابق بینک پہنچے اور دوپہر میں ساتھیوں کو بتایا کہ وہ کچھ وقت کے لیے اپنے رشتہ داروں کے گھر جارہے ہیں اور جلد واپس آئیں گے۔ تاہم، جب کافی وقت گزرنے کے باوجود وہ واپس نہ لوٹے تو بینک کے عملے نے انہیں ڈنڈی کے مختلف علاقوں میں تلاش کرنا شروع کیا۔ اس تلاش کے دوران ڈیم کے قریب مینیجر کی اسکوٹی، عینک اور فون ملا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر مچھلیاں پکڑنے والوں کی مدد سے ڈیم میں تلاشی کا عمل شروع کیا اور آخرکار مینیجر کی نعش برآمد کی۔ پولیس کے ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ سید قادر پاشا نے خودکشی کی ہے۔ تاہم، موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متوفی کو بیوی کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی بھی ہے