جرائم و حادثات

فلم "اسپیشل 26” کی طرح دہلی میں 1 کیلو سونا چوری۔ ملزمین گرفتار

دہلی میں نقلی انکم ٹیکس دھاوا۔ دکاندار کو دھوکہ دے کر ایک کلو سونا لے اڑے چور/پولیس نے 72 گھنٹے میں گینگ کو گرفتار کرلیا

 

نئی دہلی: خود کو انکم ٹیکس کے حکام ظاہر کرتے ہوئے ایک جویلری شوروم کے ورکشاپ میں فرضی چھاپہ مارنے کے بعد ایک کلو سونا لوٹنے کی واردات حال ہی میں دہلی میں پیش آئی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ہی کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی 72 گھنٹے تک گینگ کا پیچھا کیا اور آخرکار ان لٹیروں کے گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔

 

اس گینگ میں دہلی کے ایک سرکاری ملازم اور مدھیہ پردیش کے ایک پبلک ریلیشنز آفیسر کے شامل ہونے کی بھی تصدیق ہوئی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ملزمین نے بتایا کہ وہ بالی ووڈ فلم "اسپیشل 26″سے متاثر ہوکر اس بڑی چوری کا منصوبہ بنایا۔دہلی کے ایک جیولری ورکشاپ میں 27 نومبر کو یہ واردات ہوئی۔ کچھ افراد دہلی پولیس اور انکم ٹیکس کے افسران کے نام پر دکان میں داخل ہوئے۔

 

ان میں سے ایک شخص پولیس افسر کی وردی میں تھا جبکہ باقی لوگوں نے انکم ٹیکس افسر بن کر ڈرامہ کیا۔ انہوں نے وہاں کام کرنے والے ورکرس کے موبائل فون ضبط کرلیے اور سی سی ٹی وی کیمرے بند کردیئے اس کے بعد وہ ایک کلو سونا لے کر فرار ہوگئے۔ملزمین کی گرفتاری کے لیے دہلی پولیس نے بڑا آپریشن شروع کیا۔ بہادرگڑھ، گروگرام، سونی پت، پانی پت، روہتک، جھجّڑ، حصار اور جنڈ جیسے علاقوں میں تقریباً 1200 کلومیٹر تک مسلسل تلاش جاری رکھی گئی۔ اس دوران 250 سے زائد سی سی

 

ٹی وی کیمروں کی جانچ کی گئی اور جدید ٹکنالوجی کی مدد سے مختلف راستوں پر گاڑیوں کی نگرانی کی گئی۔ اسی دوران پولیس نے مدھیہ پردیش کے ایک سرکاری ملازم کو حراست میں لیا جس سے پوچھ گچھ کے بعد پوری گینگ کا پردہ فاش ہوا۔پولیس نے ملزمین سے 435.03 گرام سونا، 3.97 لاکھ روپے نقدی اور تین کاریں برآمد کیں۔ دھاوے کے دوران استعمال کئے گئے کپڑے بھی ضبط کیے گئے۔ ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ انہیں معلوم تھا کہ کَرل باغ اور دیو نگر کے جیولری بازاروں میں

 

بڑی مقدار میں سونا رکھا جاتا ہے اسی لیے اس واردات کی منصوبہ بندی کی گئی۔ چوری کے بعد انہوں نے کچھ سونا آپس میں تقسیم کرلیا جبکہ کچھ سونا فروخت کرکے اس کی رقم آپس میں تقسیم کرلی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button