نجی تصاویر حاصل کرکے بیوی کو بلیک میل۔ شوہر کے خلاف کیس درج

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا پونے کے امبیگاؤں علاقے میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک سرکاری خاتون عہدیدارنے اپنے شوہر پر بلیک میلنگ اور ہراسانی کا سنگین الزام لگایا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ جب وہ گھر کے باتھ روم میں نہا رہی تھیں تو اس کے شوہر نے خفیہ طور پر ویڈیو ریکارڈنگ کی اور بعد میں ان ویڈیوز کو عام کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کرنے لگا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون ایک کلاس 1 سرکاری عہدیدار ہیں جن کی شادی 2020 میں ایک اور سرکاری ملازم سے ہوئی تھی۔ خاتون کا الزام ہے کہ شوہر انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر روزانہ ہراساں کر رہا تھا۔ اس نے دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے میکے سے 1.5 لاکھ روپے لائے تاکہ وہ کار اور مکان کے قرض ادا کر سکے۔ رقم نہ دینے کی صورت میں اس نے ویڈیوز کو عام کرنے کی دھمکی دی۔
متاثرہ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ نہ صرف شوہر بلکہ اس کے گھر والے بھی مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق تفتیش کے دوران ٹیکنیکل شواہد، ویڈیو فوٹیج اور دیگر مواد کی جانچ کی جا رہی ہے۔