برقع پوش لڑکی کے ساتھ گھومنے والے غیر مسلم نوجوان کی پٹائی – 6 حملہ آور گرفتار

مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی میں برقع پہنی لڑکی کے ساتھ سڑک پر گھومنے والے ہندو نوجوان کو چند مسلم نوجوانوں نے راستے میں روک کر مارپیٹ کی۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
واقعہ ہفتہ کے روز بس اسٹینڈ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ناندیا کلاں گاؤں کا رہنے والا امن ساہو اپنے دوست کے ساتھ کالج سے واپسی پر بس اسٹینڈ کے قریب ایک میڈیکل اسٹور سے دوا لینے جا رہا تھا۔ اسی دوران اسے پڑوسی گاؤں میں رہنے والی اپنی بہن کی سہیلی ملی، جو برقع پہنی ہوئی تھی۔ دونوں آپس میں بات کرنے لگے۔
اسی وقت عاصم بیگ نامی نوجوان بائیک پر آیا اور امن ساہو کو روک کر پوچھنے لگا کہ تو کس لڑکی کے ساتھ گھوم رہا ہے؟ اس نے گالیاں دینا شروع کیں اور پھر دیگر ساتھی بھی وہاں پہنچ گئے۔ سب نے مل کر امن ساہو کو پیٹنا شروع کر دیا۔
پولیس نے حملہ کرنے والے نوجوانوں مجاہد (19)، عادل (20)، ساکب (21)، محمد نسیم (40)، محمد حسن (19) اور عاصم (18) کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔