جرائم و حادثات

بھائی کے ہاتھوں بہن کا قتل، عاشق سے فون پر بات چیت پر انتہائی اقدام۔ تلنگانہ کے ضلع رنگا ریڈی میں واردات

حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے ضلع رنگا ریڈی کے کتور منڈل کے پنجرلہ گاؤں میں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے غیرت کے نام پر اپنی حقیقی بہن کا قتل کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق مقامی میستری راگھویندر اور اس کی بیوی سُنيتا کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ بڑی بیٹی رُچتا جس کی عمر 21 برس بتائی گئی ہے ڈگری مکمل کرنے کے بعد ایم بی اے میں داخلے کی تیاری کر رہی تھی۔ کچھ عرصے سے وہ اپنے ہی گاؤں کے ایک نوجوان سے محبت کرنے لگی تھی جس بات پر خاندان میں تنازعہ بھی پیدا ہو چکا تھا۔

 

معاملہ یہاں تک پہنچا کہ ارکان خاندان نے پنچایت بلا کر دونوں کو علیحدہ رہنے کی ہدایت دی اور بظاہر یہ تنازعہ ختم ہو گیا لیکن چند دنوں بعد رُچتا نے دوبارہ اس نوجوان سے فون پر بات چیت شروع کر دی۔

 

پیر کے روز جب والدین گھر پر موجود نہیں تھے صرف رُچتا اور اس کا چھوٹا بھائی روہت (20 سالہ) گھر میں موجود تھے۔ اس دوران روہت نے اپنی بہن کو محبوب سے بات کرتے ہوئے دیکھ لیا۔ غصہ میں بپھر کر اُس نے بہن سے جھگڑا کیا اور پھر تار سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔

 

قتل کے بعد روہت نے رشتہ داروں کو فون کر کے بتایا کہ بہن بے ہوش ہو گئی ہے۔ جب ارکان خاندان گھر پہنچے اور رُچتا کی حالت دیکھی تو فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضے میں لے لیا اور روہت کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تفتیش کے بعد روہت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button