جرائم و حادثات

حیدرآباد کے شمس آباد میں نوجوان کا بہیمانہ قتل

حیدرآباد کے شمس آباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع کاویلی گوڑہ کے قریب ایک نوجوان کے بہیمانہ قتل کا واقعہ جمعرات کی صبح منظرِ عام پر آیا، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی

 

۔ پولیس اور مقامی افراد کے مطابق معین آباد منڈل کے وینکٹاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ مہیش مقامی طور پر ہیئر سیلون چلا کر اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کرتا تھا۔ وہ کسی کام کے بہانے گھر سے نکلا تھا، تاہم کچھ دیر بعد اس کی نعش کاویلی گوڑہ کے قریب ویران مقام پر پڑی پائی گئی۔

 

جمعرات کی علی الصبح رامنجاپور کے ایک مقامی لیڈر نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر انسپکٹر نریندر ریڈی کی قیادت میں پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھا کئے۔ ابتدائی جانچ میں مقتول کی گردن پر چاقو کے گہرے وار کے نشانات پائے گئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قتل نہایت بے دردی سے کیا گیا۔

 

مقامی افراد کو شبہ ہے کہ یہ واردات ناجائز تعلقات کے پس منظر میں انجام دی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ مہیش کو بات چیت کے بہانے بلا کر منصوبہ بند طریقے سے قتل کیا گیا ہوگا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کر دیا ہے،

 

جبکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل کال ریکارڈس اور مقتول کے قریبی روابط کی بھی جانچ کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button