شادی کی بات چیت کے بہانے گھر بلا کر لڑکی کے گھر والوں نے بی ٹیک کے طالب علم کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا – تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ
تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں غیرت کے نام پر قتل — محبت کی شادی کی بات چھیڑنے پر نوجوان کا بےرحمی سے قتل
تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ شراون سائی، جو میڑچل۔ملکاجگری کے مائسما گوڈا میں واقع سینٹ پیٹر کالج میں بی ٹیک سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا اور وہ قطب اللہ پور میں کرائے کے کمرے میں رہتا تھا، گزشتہ ایک سال سے اپنی ہم جماعت 19 سالہ سریجا سے محبت کرتا تھا۔
سریجا کا تعلق سنگاریڈی ضلع کے امین پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں سروجنا سائی لکشمی نگر علاقے سے ہے۔ دونوں کے درمیان قریبی تعلقات تھے اور شراون نے شادی کا موضوع گھر والوں سے بات کرنے کے لئے سریجا کے گھر جانے کا فیصلہ کیا۔
الزام ہے کہ سریجا کے گھر والوں نے شادی کی بات چیت کے بہانے شراون کو گھر بلایا گیا، جہاں اچانک سریجا کے گھر والوں نے اس پر کرکٹ بیاٹ سے حملہ کر کے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
واقعہ کے بعد شراون سائی کے گھر والوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ غیرت کے نام پر قتل (Honor Killing) کے زمرے میں آتا ہے اور اس میں شامل تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



