جرائم و حادثات

کریم نگر کے چلماڈا ہاسپٹل میں برقعہ پہن کر  چوری کی کوشش – پولیس کی بروقت کارروائی

چلماڈا ہاسپٹل میں برقعہ پہن کر  چوری کی کوشش ناکام، پولیس کی بروقت کارروائی

تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے بومکل علاقہ میں واقع چلماڈا ہاسپٹل  میں جمعرات کے روز ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ دو برقعہ پوش افراد نے ہاسپٹل کے واش روم میں ایک خاتون کے گلے سے طلائی زیورات چھیننے کی کوشش کی

 

۔ ملزمین نے خاتون کو بیہوش کرنے کے لئے اسپرے کیا، تاہم متاثرہ خاتون سنبھل کر زور سے چلانے لگی جس پر قریبی مریض اور اٹینڈنٹ وہاں پہنچ گئے۔ اسی دوران دونوں برقعہ پوش ملزمین ہاسپٹل سے فرار ہوگئے۔

 

متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کے دن دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت سریسلہ ٹاؤن کی 39 سالہ  معراج النساء  اور 24 سالہ  سائی ناتھ کے طور پر کی گئی۔

 

پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ معراج النساء اس سے قبل بھی چلماڈا ہاسپٹل میں چوری کی ناکام کوشش کرچکی ہے۔ اس نے اپنے گھر کے قریب رہنے والے سائی ناتھ کو بھی اس کام میں شامل کرلیا تھا۔

 

پولیس کے مطابق ملزمین کا خیال تھا کہ برقعہ پہننے کی صورت میں کوئی انہیں پہچان نہیں پائے گا اور وہ آسانی سے فرار ہوسکیں گے۔ ٹی وی سیریلز سے متاثر ہوکر معراج النساء نے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ متاثرین پر نشہ آور اسپرے کرکے ان کے زیورات آسانی سے چرا لیے جائیں۔ لیکن پولیس کی مستعدی نے ان کی ساری سازشوں پر پانی پھیر دیا۔

 

کریم نگر رورل پولیس نے 24 گھنٹوں میں ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے کیس حل کرلیا۔ رورل سی او نرنجن ریڈی اور ان کی ٹیم کی اس کامیاب کارروائی پر کریم نگر کمشنر پولیس غوث عالم اور رورل اے سی پی وجئے کمار نے ستائش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button