کار کنویں میں گر پڑی، ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی موت 6 بچے بھی شامل۔ مہاراشٹرا میں دلخراش حادثہ

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹر کے ناسک میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں شہر کے شیواجی نگر علاقے میں جمعہ کی رات سڑک کے کنارے کنویں میں کار گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد پورے ڈنڈوری تعلقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق شیواجی نگر کے راجے بینکوئٹ ہال میں وڈجے کلاسز کی جانب سے ایک میٹنگ رکھی گئی تھی۔ اس میٹنگ میں شرکت کے لیے ڈنڈوری تعلقہ کے اندور علاقے سے درگوڑے خاندان آیا تھا۔
میٹنگ ختم ہونے کے بعد یہ خاندان ماروتی ایکس ایل کار میں واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ اچانک ڈرائیور نے کنٹرول کھودیا اور کار سڑک کنارے پانی سے بھرے کنویں میں جا گری۔
اس حادثہ میں سنیل دت درگوڑے (32) ان کی بیوی ریشما اور ایک اور خاندانی خاتون آشا انیل درگوڑے (32) کے ساتھ ان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ بچے ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایک گیارہ سالہ لڑکا اور 7 سے 14 سال کی عمر کے درمیان پانچ لڑکیاں شامل ہیں۔
نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



