کروز ٹریپ کے نام پر ایک شخص کو لاکھوں کا دھوکہ

کروز ٹریپ کے نام پر ایک شخص کو لاکھوں کا دھوکہ
حیدرآباد۔سیر و تفریح کی غرض سے آن لائن کروز ٹریپ بکنگ کروانے والے ایک شخص کو ٹھگ لیا گیا۔شہر کے علاقے کاچی گوڑہ سکے تعلق رکھنے والے متاثرہ شخص نے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی
کہ 26 دسمبر 2025 کو گوگل پر سرچ کے دوران اسے ایک ایسی ویب سائٹ نظر آئی جو کوچی، لکشدیپ اور ممبئی کے لیے کروز سفر کی پیشکش کر رہی تھی۔ ویب سائٹ کو مستند سمجھتے ہوئے اس نے چار افراد کے لیے بکنگ کروائی اور ابتدائی رقم کے طور پر 23,680 روپے ادا کیے۔شکایت کنندہ نے بتایا کہ ایک ہی ٹرانزیکشن میں رقم منتقل نہ ہو پانے پر
دھوکہ بازوں نے اسے متعدد اقساط میں ادائیگی کی ہدایت دی۔ بعد ازاں لکشدیپ پرمٹ لیٹر حاصل کرنے کے بہانے اور دو بچوں کے چارجیس کے نام پر مزید رقم مختلف اقساط میں وصول کی گئی۔ ملزمین تکنیکی خرابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اور چیک آؤٹ کے وقت رقم واپس کرنے کا یقین دلا کر مزید پیسے وصول کرتے رہے۔ بعد ازات انہوں نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ
ادائیگی ناکام ہو گئی ہے اور بغیر کسی معقول وجہ کے بکنگ منسوخ کر دی۔ اس کے بعد انہوں نے بکنگ منسوخی کے نام پر 48,500 روپے کا مطالبہ کیا اور مکمل رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔متاثرہ شخص کو واٹس ایپ کے ذریعے ان افراد نے رابطہ کیا جو خود کو کورڈیلیا کروز کے کسٹمر کیئر ایگزیکٹو ظاہر کر رہے تھے۔
اس طرح دھوکہ دہی کے ذریعے متاثرہ شخص کو مجموعی طور پر 2,42,488 روپے کا مالی نقصان ہوا۔ پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ کروز پیکیجز کی بکنگ ہمیشہ صرف سرکاری ویب سائٹ یا مستند ٹراویل ایجنٹس کے ذریعے ہی کریں۔
سرچ ریزلٹ یا اشتہارات کے ذریعہ نظر آنے والی ویب سائٹس سے محتاط رہیں۔
کروز ٹریپ کے نام پر ایک شخص کو لاکھوں کا دھوکہ



