تیسری جماعت کا طالب علم تاج الدین اسکول سے اچانک لاپتہ

تلنگانہ کے سِرِسلہ ضلع کے ایلاریڈی پیٹ منڈل کے کِشن داس پیٹ گاؤں سے تعلق رکھنے والا 8 سالہ محمد تاج الدین پیر کے دن اسکول گیا تھا لیکن شام کو واپس گھر نہیں پہنچا،
جس کے بعد اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی۔محمد تاج الدین یہاں کی سرکاری پرائمری اسکول میں تیسری جماعت کا طالب علم ہے۔ جب وہ اسکول سے گھر واپس نہ پہنچا تو گھر والوں نے فوری طور پر اسکول کے ذمہ داروں کو اطلاع دی۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے منڈل ایجوکیشن آفیسر کرشنا ہری، اسکول ہیڈ ماسٹر سمپت، اور سب انسپکٹر نریلا رماکانت بچے کے گھر پہنچے اور تفصیلات حاصل کیں۔بچے کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سب انسپکٹر نریلا رماکانت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بچے کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر ایلاریڈی پیٹ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔