بدعنوان آئی پی ایس عہدیدار کے مکان سے نوٹوں کے بنڈل اور بھاری مقدار میں سونے کے زیوارات برآمد

پنجاب میں رشوت کے ایک معاملے میں سی بی آئی نے ایک سینئر آئی پی ایس افسر کے گھر پر دھاوے کیے، جن میں بڑی مقدار میں نقد رقم، سونا اور قیمتی سامان برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، رور رینج کے ڈی آئی جی کے طور پر کام کرنے والے اس افسر کو ایک نجی شخص کے ساتھ مل کر رشوت لینے کے الزام میں سی بی آئی نے گرفتار کیا۔ سی بی آئی کے مطابق، یہ افسر ایک مقدمے میں شکایت گزار سے 8 لاکھ روپے رشوت مانگ رہا تھا۔ اسی دوران، چندی گڑھ کے سیکٹر 21 میں ڈی آئی جی کی طرف سے رشوت وصول کرتے ہوئے اس شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
اس کے بعد سی بی آئی نے ڈی آئی جی کو حراست میں لے کر چندی گڑھ اور پنجاب میں اس کی رہائش گاہوں پر دھاوے کیے۔ ان دھاووں کے دوران افسر کے گھر سے تقریباً 5 کروڑ روپے نقد، ڈیڑھ کلو سونا، جائیداد کے دستاویزات، مرسڈیز اور آؤڈی جیسی دو قیمتی گاڑیاں، 22 لگژری گھڑیاں، لاکر کی چابیاں، 40 لیٹر درآمد شدہ شراب کی بوتلیں اور کچھ ہتھیار برآمد ہوئے۔
سی بی آئی نے نجی شخص سے بھی 21 لاکھ روپے برآمد کیے۔ دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے 17 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سی بی آئی کے مطابق، دونوں کے گھروں پر مزید دھاوے اور تحقیقات جاری ہیں۔




