جرائم و حادثات

نیٹ امتحان میں کم نشانات لانے پر ایک ظالم باپ نے اپنی ہی بیٹی کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

ممںئی _ 23 جون ( اردولیکس) مہاراشٹر کے سانگلی ضلع کے آٹپاڈی تعلقہ کے نیلکرنجی گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے صرف اس وجہ سے اپنی 17 سالہ بیٹی سادھنا کو بے رحمی سے پیٹ کر مار ڈالا کیونکہ وہ ایم بی بی ایس کی تعلیم میں داخلہ کے لئے منعقد ہونے والے نیٹ  ٹیسٹ میں کم نمبر لائی تھی

 

۔ باپ، دھونڈی رام بھوسلے، ایک اسکول میں ہیڈ ماسٹر ہیں۔ انہوں نے اپنی بیٹی کو لکڑی کے موٹے ڈنڈے سے مارا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور بعد میں دم توڑ گئی۔

 

یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آیا۔ سادھنا بارہویں جماعت میں سائنس کی طالبہ تھی اور ڈاکٹر بننے کا خواب رکھتی تھی۔ امتحان میں کم نمبر آنے پر جب اس نے اپنے باپ سے کہا کہ "پاپا، آپ بھی تو کبھی کلکٹر نہیں بنے، آپ کے بھی تو کم نمبر آئے تھے”، تو اس بات پر وہ اور زیادہ غصے میں آگئے اور بے رحمانہ تشدد کیا۔

 

حادثے کے بعد سادھنا کو فوری طور پر اسپتال نہیں لے جایا گیا بلکہ اس کے والد اگلے دن صبح یوگا ڈے منانے کے لیے اسکول چلے گئے۔ بعد میں جب وہ واپس آئے تو بیٹی کو بے ہوش پایا۔ ہسپتال لے جانے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکی تھی۔ پولیس نے ماں پریتی بھوسلے کی شکایت پر ملزم باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

سادھنا نہایت ذہین طالبہ تھی۔ دسویں جماعت میں اسے 95 فیصد نمبر ملے تھے۔ لیکن نیٹ کی ٹیسٹ میں کم نمبر آنے پر اس کی جان لے لی گئی۔ اس افسوسناک واقعے پر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور ایک باپ کی جانب سے اپنی ہی بیٹی پر اتنی بے دردی سے تشدد کیے جانے پر عوام غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button