مجلس کے رکن قانون ساز کونسل مرزا رحمت بیگ کو سائبر کریمنلس کی دھمکیاں۔ کیس درج

حیدرآباد: کے ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) مرزا رحمت بیگ کی شکایت پر حیدرآباد سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مرزا رحمت بیگ کو گزشتہ چند دنوں سے نامعلوم افراد کی جانب سے فون کالز موصول ہو رہے تھے۔ فون کرنے والے افراد انہیں دھمکی دے رہے تھے کہ اگر ان کی جانب سے مانگی گئی رقم ادا نہیں کی گئی تو ان کی ڈیپ فیک اور ایڈٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز وائرل کی جائیں گی۔
ملزمین نے کئی مرتبہ فون کرکے کہا کہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ان کے خاندان کی عزت و وقار کے ساتھ ساتھ انہیں سیاسی طور پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان دھمکیوں کے بعد ایم ایل سی نے پولیس سے رجوع کیا جس پر جمعرات کے روز مقدمہ درج کر لیا گیا۔فون کرنے والے افراد کون ہیں؟ اس زاویہ سے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس فون نمبرس اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمین کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔



