سائبر دھوکہ دہی 8 کروڑ کا نقصان۔سابق انسپکٹر جنرل پولیس نے خود کو گولی مارلی

سائبر دھوکہ دہی 8 کروڑ کا نقصان۔سابق انسپکٹر جنرل پولیس نے خود کو گولی مارلی
نئی دہلی: ریاست پنجاب پٹیالہ میں پیر کے روز ایک سابق آئ پی ایسافسر نے 8.10 کروڑ روپے کے سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہونے کے بعد شرمندگی اور ذہنی دباؤ کے سبب خود کو گولی مار کر زخمی کر لیا ۔
پٹیالہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ورون شرما کے مطابق یہ واقعہ سابق IPS افسر امر سنگھ چہل کے ساتھ پیش آیا جو پہلے پنجاب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔کچھ سائبر مجرموں نے انہیں واٹس ایپ اور ٹیلیگرام گروپس کے ذریعے اپنے جال میں پھنسا لیا۔
انہوں نے امر سنگھ کو اسٹاک ٹریڈنگ، IPO الاٹمنٹ اور OTC ٹریڈنگ میں زیادہ منافع کی ضمانت دیں۔امر سنگھ نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی۔ سائبر فراڈ کرنے والوں نے جعلی ڈیش بورڈ کے ذریعے دکھایا کہ سرمایہ کاری میں زبردست منافع ہو رہا ہے جس پر امر سنگھ نے مزید سرمایہ کاری کی۔
سرمایہ واپس لینے کے لیے انہیں سروس چارجز اور ٹیکس کی مد میں بھاری رقوم بھی ادا کرنی پڑیں۔جب سرمایہ واپس لینا ممکن نہ ہوا، تو امر سنگھ کو اندازہ ہوا کہ وہ مجموعی طور پر 8.10 کروڑ روپے کے فراڈ کا شکار ہو گئے ہیں۔ سابق پولیس افسر نے خود کو سائبر فراڈ میں پھنسنے پر شدید شرمندگی محسوس کی۔انہوں نے ایک 12 صفحات پر مشتمل نوٹ لکھا
جس میں فراڈ کی تفصیلات بیان کیں اور پنجاب ڈی جی پی سے درخواست کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے SIT تشکیل دی جائے۔اس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کی رائفل سے خود کو گولی مار لی۔ شدید زخمی ہونے کے بعد ان کی حالت فی الحال نازک ہے۔



