بیٹی نے اپنی ماں اور عاشق کے ساتھ ملکر باپ کا قتل کردیا۔ واردات کے بعد سکنڈ شو فلم دیکھنے کا انکشاف۔ناجائز تعلقات میں رکاوٹ پر وحشیانہ کاروائی

حیدرآباد: میڑچل ملکاجگیری ضلع کے گھٹکیسر منڈل میں رونما دل دہلا دینے والے واقعہ میں بیٹی نے اپنی ماں اور عاشق کے ساتھ مل کر اپنے باپ کو صرف اس لیے قتل کر دیا کہ وہ اس کے ناجائز تعلقات کے درمیان رکاوٹ بن رہا تھا۔ قتل کے بعد تینوں ملزمین فلم کا "سیکنڈ شو” دیکھنے گئے اور پھر نعش کو کیب میں رکھ کر تالاب میں پھینک دیا۔
گھٹکیسر پولیس انسپکٹر پی پرشو رام، ڈی آئی سرینواس، سب انسپکٹرس شیکھر اور سائی کمار نے پریس کانفرنس میں یہ تفصیلات بتائیں۔ پولیس کو 7 جولائی کو اطلاع ملی کہ گھٹکیسر منڈل کے یدولا باڈ تالاب میں ایک شخص کی نعش دستیاب ہوئی۔ جسم پر زخموں کے نشان ہونے کی وجہ سے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کیا گیا۔
متوفی کی شناخت ودلور لنگم(عمر 45 سال) کے طور پر ہوئی جو حیدرآباد کے کواڑی گوڑہ علاقہ کی مُگّلا بستی کا رہنے والا تھا۔ اس کی بیوی شاردا (40 سال) اور بیٹی منیشا (25 سال) نے پولیس کو بتایا کہ لنگم کو شراب نوشی کی عادت تھی اور وہ اکثر لوگوں سے جھگڑا کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 6 جولائی کو گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا۔
پولیس کو ان کے بیانات پر شبہ ہوا جس کے بعد تالاب کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی گئی تو اصل حقیقت سامنے آئی۔لنگم پرانے شہر کے ایک اپارٹمنٹ میں سیکورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا جبکہ اس کی بیوی شاردا جی ایچ ایم سی میں صفائی ملازمہ ہے۔ ان دونوں کی دو بیٹیاں تھیں۔
بڑی بیٹی منیشا کی شادی ہو چکی تھی لیکن اس کے تعلقات اپنے شوہر کے دوست محمد جاوید(عمر 24 سال) سے قائم ہوگئے تھے جب یہ معاملہ شوہر کو معلوم ہوا تو اس نے منیشا کو چھوڑ دیا۔
اس کے بعد منیشا اپنے عاشق جاوید کے ساتھ مولا علی میں کرائے کے گھر میں رہنے لگی تھی۔ لنگم کو یہ بات پسند نہیں آئی کہ اس کی بیٹی کسی اور کے ساتھ رہ رہی ہے جس پر باپ بیٹی میں کئی بار جھگڑے ہوئے۔
شاردا نے اپنی بیٹی سے شکایت کی کہ لنگم اس پر بھی شک کرتا ہے اور اسے ہراساں کرتا ہے۔ماں بیٹی نے مل کر لنگم کو راستہ سے ہٹادینے کا منصوبہ بنایا۔
5 جولائی کو منیشا نے نیند کی گولیاں لا کر ماں کو دیں جسے شراب میں ملا کر لنگم کو پلایا گیا۔ جب وہ گہری نیند سوگیا تو منیشا، جاوید اور شاردا تینوں نے اس کے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کا قتل کردیا۔
قتل کے بعد تینوں سیکنڈ شو فلم دیکھنے گئے۔ فلم کے بعد کیب بُک کی گئی۔ جب نعشکو گاڑی میں رکھ رہے تھے تو ڈرائیور کو شک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شراب کے نشے میں ہے،اس لیے بے ہوش ہے۔
یدولا باڈ کے مقام پر اتر کر انہوں نے نعش کو تالاب میں پھینک دیا۔ پولیس نے تینوں ملزمین کو گرفتارکرکے عدالتی تحویل میں دے دیا۔