جرائم و حادثات

دہلی میں 21 سالہ مسکان کا قتل – پولیس انکاؤنٹر کے بعد جِم ٹرینر عمران گرفتار

دہلی میں 21 سالہ ماڈل مسکان کے قتل کے ملزم جِم ٹرینر عاقب عرف عمران کو پولیس نے انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کرلیا۔ جمعرات کی رات ویسٹرن ڈسٹرکٹ اسپیشل اسٹاف کی ٹیم نے عمران کو گھیر لیا، جس پر اس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں اس کی ٹانگ میں گولی لگی۔ زخمی ملزم کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق 26 سالہ عمران بدھ کی شام مسکان کے گھر پہنچا تھا۔ اس وقت 21 سالہ مسکان گھر میں اکیلی تھی۔ دونوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی، جس کے بعد عمران نے چاقو سے مسکان پر کئی وار کئے اور فرار ہوگیا۔ شدید زخمی حالت میں مسکان کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

 

پولیس کے مطابق واردات کے بعد فرار ہوتے وقت عمران مسکان کا موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے یہ فون سڑک کے کنارے سے برآمد کرلیا۔ فون کی آخری لوکیشن دہلی کے نانگل علاقے میں پائی گئی تھی۔

 

واقعہ کے بعد پورے ضلع میں بیریکیڈنگ اور چیک پوسٹیں قائم کرکے ملزم کی تلاش کے لیے متعدد ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ پولیس کے مطابق عمران مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر رہا تھا۔

 

دہلی پولیس کے مطابق جمعرات کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمران کا راجوری گارڈن میں سراغ ملا۔ پولیس نے اسے خودسپردگی کرنے کو کہا، لیکن اس نے پستول سے پولیس پر چار گولیاں چلادیں۔

 

جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق عمران نے چار گولیاں چلائیں، جبکہ پولیس نے سات گولیاں فائر کیں۔ اس دوران عمران کی ٹانگ میں تین گولیاں لگیں، جس کے بعد اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں عمران شام تقریباً 5:40 بجے مسکان کی عمارت میں داخل ہوتا دکھائی دیا۔ گھر میں کام کرنے والی خاتون نے مسکان کو دوسری منزل پر زخمی حالت میں دیکھا اور اس کے اہل خانہ کو اطلاع دی۔

 

شام 7:24 بجے تلک نگر پولیس اسٹیشن کو چاقو سے حملے کی PCR کال موصول ہوئی۔ مسکان کے بھائی کے بیان پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ اس نے بھی قتل میں عمران پر شبہ ظاہر کیا تھا۔ واردات کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے تقریباً 15 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

 

پولیس کے مطابق مسکان دہلی یونیورسٹی کے اسکول آف اوپن لرننگ میں بی اے سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی اور مغربی دہلی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتی تھی۔ مسکان کی عمران سے تقریباً ڈیڑھ سال قبل جِم میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں عمران ٹرینر تھا۔

 

تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ عمران گزشتہ تقریباً دو ماہ سے مسکان سے ناراض تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مسکان کے کسی دوسرے نوجوان سے بات کرنے پر عمران غصے میں تھا۔

 

پولیس کے مطابق عمران اور مسکان 20 اگست کو ایک ہوٹل میں بھی ملے تھے۔ اب پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ قتل سے پہلے دونوں کے درمیان کیا تنازع ہوا تھا اور واردات کی اصل وجہ کیا تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button